نئی دہلی، 27؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) آندھرا پردیش کے ضلع سری کاکولم سے تعلق رکھنے والے دو ماہی گیروں کی اتوار کی شام خلیج بنگال میں اٹھے طوفان گلاب کی زد میں آنے سے موت ہوگئی جبکہ ایک ابھی تک لاپتہ ہے ۔ وہیں تین دیگر ماہی گیر بحفاظت ساحل پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور انہوں نے ریاست کے ماہی گیری کے وزیر ایس اپپالا راجو کو اکوپلی گاؤں سے فون کیا اور خود کے محفوظ ہونے کی جانکاری دی ۔ وہیں محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ طوفان نے ساحل پر دستک دینی شروع کردی ہے اور یہ اگلے کچھ گھنٹوں میں کلنگپٹنم سے 25 کلو میٹر شمار میں ساحل سے گزرے گا ۔
جانکاری کے مطابق پلاسا کے چھ ماہی گیر دو دن قبل اڈیشہ سے نئی کشتی خریدنے کے بعد اپنے آبائی گاؤں لوٹ رہے تھے ، تبھی وہ طوفان کی زد میں آگئے ۔ کشتی میں موجود چھ ماہی گیروں میں سے ایک نے گاؤں میں فون کر کے بتایا کہ کشتی اپنا توازن کھو چکی ہے اور پانچ لوگ سمندر میں لاپتہ ہوگئے ہیں ۔ بعد میں اس کا فون بھی بند آنے لگا ، جس کی وجہ سے خدشہ پیدا ہوگیا کہ وہ بھی لاپتہ ہوگیا ہے ۔ حالانکہ تین ماہی گیر تیر کر محفوظ ساحل پر آگئے جبکہ دو ماہی گیروں کی موت ہوگئی ۔ گاوں میں فون کرکے خبر دینے والا ماہی گیر اب بھی لاپتہ ہے ۔